سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوزـ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوںنے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے ایک مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ بین الاقوامی قانون، جنیوا کنونشنز اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے گاندربل کے علاقے اراہامہ میں کشمیری نوجوان راشد احمد مغل کے حالیہ ماورائے عدالت قتل کو ایک تشویشناک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس منظم پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت قابض بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے واقعات ایک مربوط حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد کشمیری عوام میں خوف ودہشت پھیلانا اور ان کی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو دبانا ہے۔انہوں نے راشد احمد مغل کوشاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم جملہ شہداء کوان کی عظیم قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے اور ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ 1989 سے اب تک 96ہزار489 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیاگیاہے، جن میں سے 7ہزار415کو جعلی مقابلوں اور دورانِ حراست شہید کیاگیا۔ یہ اعداد و شمار واضح ثبوت ہیں کہ مقبوضہ خطے میں کشمیریوں کاقتل عام ایک معمول بن چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت بھارتی افواج کوکشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ، جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تیزی سے جاری ہیں۔حریت رہنمائوں نے زور دیا کہ ہندوتوا نظریے کے زیر اثر مودی کی بھارتی حکومت کشمیری نوجوانوں کوخاص طورپر نشانہ بنا رہی ہے تاکہ انکے جذبہ حریت کو کمزور کیا جا سکے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت اور جبر کے ذریعے کسی قوم کی جائز اور قانونی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا اور کشمیری عوام اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔بیان میں عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بااثر عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں کا فوری نوٹس لیں اور ایک شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کا آغاز کیاجائے تاکہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جاسکے۔حریت رہنمائوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کااعادہ کیا۔
