سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے ضلع کولگام میں ایک اور کشمیری کا دو منزلہ رہائشی گھر ضبط کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے کولگام کے علاقے یاری پورہ میں عمر یوسف راتھر کا گھر انسداد منشیات کی نام نہاد مہم کی آڑ میں ضبط کیا جس کی مالیت 51لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔بھارتی پولیس نے ضلع کولگام ہی کے علاقے منزگام میں ایک اور کارروائی کے دوران بشیر احمد گنائی نامی ایک شہری کی ایک دکان اور سٹور کو مسمار کردیا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے انسداد منشیات مہم کی آڑ میں کشمیریوںکو گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک سے محروم کرنے کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن سے مصدق رشید یتو اور عرفان یوسف کو گرفتارکرلیا۔ پولیس نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناگ سے بھی اعجاز احمد وانی اور رﺅف احمد بٹ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان چاروںگرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان پر منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
