سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز: سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت نے سید علی شاہ گیلانی کی سیاسی اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے ان کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے وقف کیے رکھی، انہوں نے کہا کہ گیلانی کی سیاسی جدوجہد، ثابت قدمی اور فکری خدمات آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں، ان کی جدوجہد نے مسئلہ جموں و کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چودھری طارق فاروق نے اپنے بیان میں کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کشمیری مزاحمت کی ایک توانا آواز تھے جنہوں نے اپنی زندگی کے کئی عشرے کشمیر کاز کیلئے وقف کیے، انہوں نے کہا کہ گیلانی کی سیاسی جدوجہد کے ساتھ ان کی علمی، ادبی اور فکری خدمات بھی قابل قدر ہیں، ان کی تصانیف اور افکار کشمیری عوام خصوصاً نوجوان نسل کیلئے ایک اہم علمی ورثہ ہیں۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے سید علی شاہ گیلانی کو لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کا واحد “غیر متنازعہ” لیڈر قرار دیا ہے، وہ پاکستان کے عاشق تھے اور ان کا نعرہ “’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” پاکستان کے اندر اور باہر رہنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کا مقبول ترین نعرہ بن چکا ہے۔
