Input your search keywords and press Enter.

کشمیری قوم افواجِ پاکستان کو اپنا محافظ و سفیر سمجھتی ہے، افتخار گیلانی

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز: آزاد کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ دفاعِ پاکستان 6 ستمبر کا دن ہماری دفاعی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے۔ یہ دن ہمیں اس جنگ کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج نے 1965ء میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور قومی وقار کا دفاع کیا اور بھارت کو شکستِ فاش دی۔ آج کے دن ہم افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم۔دفاع پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کی سرحد عبور کرنے اور غیرت کو آزمانے کی کوشش کی، افواجِ پاکستان اور پاکستانی قوم نے اسے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا۔ وزیرِاعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کیے تھے ہماری افواج نے ثابت کیا کہ جو پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے گا وہ مٹ جائے گا۔ پاک فوج کی طاقت، ان کا اللہ پر ایمان، قوم سے محبت اور بہترین پیشہ وارانہ تربیت ہے۔ پاک فوج نے ہر مصیبت کی گھڑی میں ملک اور قوم کیلئے خدمات سرانجام دیں۔ پاک فوج اس ارضِ مقدس کے ہر ذرے کی پاسبان ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو پاک فوج کی بھارت پر برتری نے ہمیشہ حوصلہ دیا ہے اور کشمیری قوم افواجِ پاکستان کو اپنا محافظ و سفیر سمجھتی ہے۔ وزیرِاعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آج پاکستان وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کمانڈ میں مضبوط ترین دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ ،انشاءاللہ افواجِ پاکستان کی بہترین صلاحیتوں اور قربانیوں کی بدولت پاکستان ہمیشہ سر بلند رہے گا۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *