سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں قومی عزم، اتحاد اور بہادری کی علامت ہے، 1965ء میں اس روز افواج پاکستان اور پاکستانی قوم نے اپنے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خا ک میں ملا دیے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ شہدائے وطن نے اپنے لہو سے پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کی حفاظت کی ایک روشن تاریخ رقم کی، جبکہ غازیوں کی جرات اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیری عوام نے بھی اپنی آزادی، عزت اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ محض جغرافیائی یا سیاسی نہیں بلکہ یہ ایک نظریاتی رشتہ ہے، جسے کشمیری عوام اپنی لازوال قربانیوں کے ذریعے مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قومیں اپنے اتحاد، عزم اور قربانی کے جذبے سے بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ حریت قیادت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا پیدائشی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ آخر میں حریت قیادت نے 6 ستمبر کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر مملکت خداداد پاکستان کا حصہ بنے گا۔
ستمبر 1965ء کے شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ ہیں، حریت کانفرنس آزاد کشمیر
