سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) : آل پاکستان میڈیا کونسل کی چیئرپرسن قرہ العین علی خواجہ نے اپنے وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے مرکزی دفتر اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوںنے کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت حریت قیادت کے ساتھ جلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 27 اکتوبر” یومِ سیاہ“ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، حقِ خودارادیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کے کردار کو مزید موثر بنایا جائے گا۔بھارت نے27اکتوبر 1947 کوتقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر پر قبضہ کرلیاتھا۔
غلام محمد صفی نے کہا گیا کہ”یوم سیاہ “ کی مناسبت سے عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کی ضرورت کی جانب مبذول کرانا ضروری ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صحافتی اداروں، میڈیا تنظیموں اور انسانی حقوق کے حلقوں کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچائی جائے اور یومِ سیاہ کشمیر کے پیغام کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔
آل پاکستان میڈیا کونسل کے وفد میں چیئرپرسن قرہ العین علی خواجہ، نائب صدر نعمت خان دورانی، ڈاکٹر آصف نبی، سماجی کارکن و نیوز رپورٹر شمس حسین، بین الاقوامی مبصر برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ احمد خالد اور سما نیوز سے احتشام ملک شامل تھے۔
