سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کلگام، کشتواڑ اور دیگر علاقوں میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور سینکڑوں نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق کی پامالی اور جاری غاصبانہ قبضہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے بھارتی دعوے کو بے نقاب کرتا ہے۔
انہوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپناغیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر رکھے ہیں اور اسے دنیا کی سب سے بڑی ’کھلی جیل‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہندوتوا نظریے کی حامل بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اظہار رائے کی آزادی کے حق سمیت کشمیریوںکے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور جو کوئی بھارتی چیرہ دستوں کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کرتا ہے ، اسے ”پبلک سیفٹی ایکٹ اور یواے پی اے “ جیسے کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بھارت کی حیثیت محض ایک غاصب کی ہے، کیونکہ کشمیریوں نے پہلے دن سے ہی اس کے قبضے کو تسلیم نہیں کیا ۔
ترجمان نے بھارتی فورسز اورتحقیقاتی ایجنسیوں کی طرف سے تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔
