Input your search keywords and press Enter.

مظفرآباد: آزاد کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل نہ کیا جائے، گرفتاریاں اور تعلیمی اداروں کی بندش فوری روکی جائے؛ خواجہ فاروق احمد

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ فاروق احمد نے مظفرآباد شہر اور ڈویژن میں نوجوانوں کی مبینہ گرفتاریوں، بغیر وارنٹ اور لیڈی پولیس کے گھروں پر چھاپوں، اور خواتین و بزرگوں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان زیر انتظام جموں کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل نہ کیا جائے اور نوجوانوں کے دل و دماغ سے ریاست کی محبت ختم کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔

 

خواجہ فاروق احمد کا کہنا تھا کہ ضلع مظفرآباد کی انتظامیہ نے یہ وطیرہ اپنا لیا ہے کہ جو بھی اختلافِ رائے رکھے یا مخالفت کرے، اسے بغیر تحقیقات اور جوابدہی کے حق سے محروم کرتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ بے لگام ہو چکی ہے اور راہ چلتے نوجوانوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے، جبکہ عبد الغنی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ جیسے تعلیمی اداروں کو بھی رات کے اندھیرے میں سیل کر کے سینکڑوں طلبہ و طالبات کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

 

سابق اپوزیشن لیڈر نے مظفرآباد سٹی حلقہ نمبر 3 کے رکنِ اسمبلی کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے گزشتہ ایک روزہ اجلاس میں 16 اراکین نے اظہارِ خیال کیا، لیکن حلقہ 3 کے ایم ایل اے نے اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ انتظامیہ کے رویے پر لب کشائی نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا تعلق بھی اسی حلقے سے ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنے حلقے کے نوجوانوں کی روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند کروائیں۔

 

خواجہ فاروق احمد نے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں بظاہر اپوزیشن اور حکومت میں ہونے کے باوجود اندرونِ خانہ ایک دوسرے کی حلیف ہیں اور عوام اس “نورا کشتی” کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں جماعتوں کے اراکینِ اسمبلی پر زور دیا کہ وہ وزارتوں، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور من پسند تقرریوں کی دوڑ سے نکل کر مظفرآباد میں گرفتاریاں رکوانے، راولاکوٹ دھرنے کے خاتمے اور پیپلز پارٹی اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *