Input your search keywords and press Enter.

پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے کٹھ پُتلی وزیراعظم بیرسٹر سید افتخار گیلانی کا عوام سے سوال فائرنگ کون کرتا ہے؟ وزیراعظم یہ سوال عوام آپ سے پوچھتے ہیں۔؟

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز:

تحریر : محمد خورشید بیگ

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ٹیکنو کریٹ جاہل وزیراعظم عوام سے سوال کرتے ہیں کہ ایک طرف سے فائرنگ ہوتی ہے تو جواب میں دوسری طرف سے فائرنگ کون کرتا ہے؟ وزیراعظم صاحب ! کیا آپ کو واقعی اس سوال کا جواب معلوم نہیں یا آپ جان بوجھ کر اصل سوال سے نظریں چرا رہے ہیں؟ یہ سوال آج کسی ایک سیاسی کارکن، کسی صحافی یا کسی عوامی رہنما کا نہیں، بلکہ راولاکوٹ کے گلی کوچوں میں رہنے والے ہر بچے، ہر ماں، ہر باپ اور ہر شہری کا سوال ہے۔ وزیراعظم صاحب ! آپ عوام سے پوچھتے ہیں کہ دوسری طرف سے فائرنگ کون کرتا ہے ؟ لیکن ہم آپ سے پوچھتے ہیں کہ فائرنگ ہوتی کیوں ہے؟ گولیاں چلتی کیوں ہیں؟ نہتے شہریوں پر گولیاں کس نے برسائیں؟ ان کے سینوں کو چھلنی کس نے کیا ؟ گھروں میں خوف و ہراس کس نے پھیلایا ؟ بازاروں اور گلیوں میں مسلح اہلکاروں کی موجودگی کا مقصد کیا ہے؟ اگر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے تو پھر شہریوں کو اپنی ہی گلیوں میں خوف کے سائے تلے زندگی گذارنے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے؟ وزیراعظم صاحب ! یہ سوالات عوام سے نہیں آپ سے بنتے ہیں آپ کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ وردیوں میں ملبوس مسلح اہلکار کون ہیں؟ سول کپڑوں میں اسلحہ اٹھائے مقامی زبان سے ہٹ کر مختلف زبان بولنے والے افراد کون ہیں؟ وہ کس ادارے سے تعلق رکھتے ہیں؟ انہیں کس قانونی اختیار کے تحت شہری علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے؟ ان کے احکامات کون جاری کرتا ہے اور ان کی کارروائیوں کا جواب دہ کون ہے؟

اگر یہ سب کچھ قانون کے مطابق ہو رہا ہے تو پھر شفافیت سے گھبرانے کی کیا ضرورت ہے؟ اور اگر کہیں قانون سے تجاوز ہوا ہے تو ذمہ داروں کا تعین کیوں نہیں کیا جاتا ؟ وزیراعظم صاحب ! تاریخ میں ایک حکمران نیرو کی مثال دی جاتی ہے جس کے نام کے ساتھ روم کی تباہی کے دوران بے حسی اور بے خبری کا استعارہ جوڑا جاتا ہے۔ حکمرانوں کا اصل امتحان یہ نہیں ہوتا کہ وہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر کتنے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں بلکہ اصل امتحان یہ ہوتا ہے کہ جب ان کی رعایا کے گھروں میں ماتم ہو گلیوں میں خوف ہو اور عوام اپنے تحفظ کے لیے سوال اٹھا رہے ہوں تو وہ ان سوالات کا جواب کس طرح دیتے ہیں جاہل انسان آپ بھی عوام کو سوالوں میں الجھانے کے بجائے جواب دیں آپ وزیراعظم ہیں عوام کے نمائندے اور ریاستی انتظامیہ کے سربراہ ہیں۔ یہ کہنا کافی نہیں کہ ایک طرف سے فائرنگ ہوئی تو دوسری طرف سے بھی ہوئی ہے سوال یہ ہے کہ گولی کس نے چلائی ؟ کس کے حکم پر چلائی؟ شہریوں پر طاقت استعمال کرنے کی نوبت کیوں آئی؟ اگر کوئی قانون شکنی ہوئی تو اس کی تحقیقات کس نے کیں؟ کیا حکومت کا کام صرف یہ بتانا رہ گیا ہے کہ فائرنگ کے جواب میں فائرنگ ہوئی ؟ کیا حکومت یہ ذمہ داری بھی عوام پر ڈال دے گی کہ وہ خود ہی معلوم کریں کہ ان کے شہروں میں مسلح افراد کون ہیں گولیاں کون چلا رہا ہے اور ان کے پیچھے کون ہے ؟ وزیراعظم صاحب ! عوام کسی مسلح تصادم کے خواہاں نہیں ہیں عوام اپنے گھروں میں امن چاہتے ہیں اپنے بچوں کو محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں اپنے بازاروں میں زندگی کی رونق واپس چاہتے ہیں۔ عوام کا سوال یہ ہے کہ اگر ریاست اپنے شہریوں کو تحفظ نہیں دے سکتی تو پھر ریاستی اقتدار، اختیارات اور انتظامی مشینری کس کام کے لیے ہے؟

یہ بھی یاد رکھیے کہ عوام کے سوالوں کو دبانے سے سوال ختم نہیں ہوتے بلکہ مزید شدت اختیار کرتے ہیں۔ کسی شہری کی آواز کو مقدمات، گرفتاریوں، پابندیوں اور خوف کے ذریعے خاموش تو کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کے ذہن میں اٹھنے والے سوالات کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے 

وزیراعظم صاحب ! آپ نے پوچھا کہ دوسری طرف سے فائرنگ کون کرتا ہے؟ ہمارا سوال ہے کہ وردی میں ملبوس مسلح اہلکاروں کو کس نے بھیجا ہے؟ سول کپڑوں میں اسلحہ بردار افراد کو کس نے اختیار دیا ؟ نہتے شہریوں پر گولیاں کس نے چلائیں؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ان واقعات کی ذمہ داری کون قبول کرے گا ؟ آپ وزیراعظم ہیں، کوئی تماشائی نہیں۔ عوام آپ سے تجزیہ نہیں ہیں جواب مانگ رہے ہیں۔ آپ سے سوالات کے جواب اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت مانگ رہے ہیں وزیراعظم صاحب ! عوام سے سوال کرنے کا وقت گذر چکا ہے اب عوام کے سوالوں کا جواب دینے کا وقت ہے یاد رکھیے اقتدار عارضی ہوتا ہے لیکن تاریخ کے کٹہرے میں حکمرانوں سے ان کے فیصلوں اور عوام کے ساتھ کیے گئے سلوک کا حساب ضرور مانگا جاتا ہے آخر میں ایک بات اہم ہے کہ عوام حیرت زدہ ہیں کہ کیسے کیسے جاہل اور نا اہل حکمران بن جاتے ہیں ۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *