Input your search keywords and press Enter.

کشمیر پاکستان اور بھارت دونوں کے ہاتھ سے نکل چکا اب کشمیری اپنا مقدمہ خود لڑیں گے! 1947ء کی قبائلی یلغار سے 2026ء کے قتل عام تک تاریخ کے آئینے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں اور کشمیریوں کا حق خودارادیت

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز:

تحریر : محمد خورشید بیگ

ہم جو کہتے تھے آج وہی کچھ ہوتا دکھائی دے رہا ہے ہم نے بارہا خبردار کیا تھا کہ کشمیری عوام کو طاقت، جبر، بندوق، گرفتاریوں اور مقدمات کے ذریعے ہمیشہ خاموش نہیں رکھا جا سکتا ہے مگر ہم پر مقدمات قائم کیے گئے شیڈول فورتھ میں شامل کیا گیا ہے تاریخ کا پہیہ پیچھے نہیں گھمایا جا سکتا اور نہ ہی کسی قوم کے بنیادی حقوق کو طاقت کے زور پر ختم کیا جا سکتا ہے۔ آج پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر، جسے ہم پاکستانی مقبوضہ کشمیر کہتے ہیں، میں پانچ ماہ سے جاری حالات نے ایک نئی سیاسی صورت حال پیدا کر دی ہے۔ بانی تحریک سنیئر ممبر کور کمیٹی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سردار عمر نذیر کشمیری نے دوٹوک اعلان کر دیا ہے کہ کشمیری اب پاکستان کے ساتھ اس سیاسی بندوبست میں نہیں رہ سکتے، دونوں ممالک نے کشمیریوں پر ظلم کیا ہے ان کے حقوق سلب کیے، نہتے شہریوں پر گولیاں برسائیں اور انسانی جانوں کا نقصان کیا ہے اب کشمیر کا مقدمہ کوئی دوسرا نہیں لڑے گا بلکہ کشمیری خود اپنا مقدمہ لڑیں گے۔

عمر نذیر کشمیری کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ پانچ ماہ سے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج، دھرنوں، گرفتاریوں، مقدمات، فورسز کی کارروائیوں اور شہری ہلاکتوں کی اطلاعات نے پورے خطے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق ان پانچ ماہ کے دوران 115 نہتے شہری شہید کیے جا چکے ہیں۔ اگر یہ اعداد و شمار آزادانہ تحقیقات سے ثابت ہوتے ہیں تو یہ محض 115 افراد کی ہلاکت نہیں بلکہ 115 خاندانوں کی بربادی اور ایک پورے معاشرے کے اجتماعی دکھ کی داستان ہے لیکن آج کے حالات کو سمجھنے کے لیے ہمیں صرف گذشتہ پانچ ماہ کی تاریخ نہیں دیکھنی ہوگی بلکہ 1947ء تک واپس جانا ہوگا کیونکہ کشمیر کا المیہ اسی دور میں ایک ایسے راستے پر ڈال دیا گیا تھا جس کے نتائج آج تک کشمیری عوام بھگت رہے ہیں تقسیم برصغیر کے وقت ریاست جموں و کشمیر ایک الگ خودمختار ریاست تھی برطانوی اقتدار کے خاتمے کے بعد ریاستوں کو بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کا اختیار حاصل تھا۔ مہاراجہ ہری سنگھ نے ابتدا میں آزاد رہنے کی کوشش کی لیکن اکتوبر 1947ء میں پاکستان کی طرف سے آنے والے قبائلی لشکروں کی مسلح یلغار نے ریاست کے حالات یکسر تبدیل کر دیے۔ اس مسلح مداخلت کے بعد مہاراجہ نے بھارت کے ساتھ الحاق کی دستاویز پر دستخط کیے اور بھارتی فوج ریاست میں داخل ہوگئی۔ یوں ریاست جموں و کشمیر ایک ایسی جنگ اور تنازعے میں داخل ہوگئی جس نے اس کی وحدت، جغرافیے اور سیاسی مستقبل کو تقسیم کر دیا یہاں ایک بنیادی تاریخی سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ اگر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا تھا تو پھر ان کی سرزمین کو دو ممالک کے درمیان طاقت اور جنگ کا میدان کیوں بنایا گیا ؟ قبائلی یلغار ہو یا بھارتی فوج کی آمد، دونوں واقعات نے کشمیری عوام کے مستقبل کو متاثر کیا اور ریاست کے باشندوں کو ایک طویل تنازعہ میں دھکیل دیا یکم جنوری 1948ء کو بھارت مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے گیا بعد ازاں 17 جنوری 1948ء کو قرارداد 38، 20 جنوری کو قرارداد 39 اور 21 اپریل 1948ء کو قرارداد 47 منظور کی گئی۔ اقوام متحدہ کی قرارداد 47 میں پاکستان سے قبائلی جنگجوؤں اور ایسے پاکستانی شہریوں کے انخلا کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا جو لڑائی کے مقصد سے ریاست میں داخل ہوئے تھے جبکہ اس کے بعد بھارتی افواج میں مرحلہ وار کمی اور آزادانہ و غیرجانبدارانہ رائے شماری کے انتظامات کی تجویز دی گئی تاکہ ریاست کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق ہو سکے یہی وہ تاریخی حقیقت ہے جسے آج بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کی رائے اور حق خودارادیت کا معاملہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، لیکن 1948ء سے 2026ء تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے پاکستان اور بھارت دونوں نے اپنے اپنے مفادات کے تحت کشمیر کو اپنی خارجہ پالیسی کا مرکزی موضوع بنایا ہے مگر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے اختیار سے محروم رہے ہیں وقت گذرنے کے ساتھ پاکستان نے کشمیریوں کی وکالت کا دعویٰ کیا اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھاتا رہا ہے مگر یہ سب ڈرامہ تھا لیکن پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے اندر جب عوام نے اپنے بنیادی حقوق، وسائل پر اختیار، سیاسی آزادی اور حکمران طبقے کی مراعات کے خاتمے کا مطالبہ کیا تو حالات تصادم کی طرف بڑھتے چلے گئے آج سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ جو ملک عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کرتا ہے وہ اپنے زیر انتظام کشمیر میں اٹھنے والی عوامی آوازوں کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے کیوں نہیں سنتا ؟ مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ بھی اسی سیاسی تنازعہ کا اہم حصہ ہے۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بارہا مطالبہ کیا کہ پاکستان میں مقیم مہاجرین کے لیے مختص بارہ اسمبلی نشستوں کے انتخابی نظام پر نظرثانی کی جائے۔ کمیٹی کا مؤقف ہے کہ ریاست کے اندر رہنے والے عوام کے سیاسی اختیار اور نمائندگی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ لیکن افسوس کہ عوام کے بنیادی مسائل کے بجائے سیاسی نشستوں، حکمرانوں کی مراعات اور اقتدار کے تحفظ کو زیادہ اہمیت دی جاتی رہی ہے مہاجرین کی نشستیں بچاتے بچاتے آج صورت حال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ کشمیریوں کا ایک بڑا سیاسی حلقہ پاکستان کے ساتھ موجودہ سیاسی بندوبست پر ہی سوال اٹھا رہا ہے گذشتہ پانچ ماہ کے دوران راولاکوٹ، باغ، سدھنوتی ۔ کوٹلی میرپور ڈڈیال مظفرآباد اور دیگر علاقوں میں جو کچھ ہوا اس نے عوامی غصے کو مزید بڑھایا ہے دھرنوں اور احتجاج کے مقامات پر کارروائیوں، فائرنگ، گرفتاریوں، مقدمات، مواصلاتی پابندیوں اور شہری املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں راولاکوٹ کے حالات خصوصاً تشویش ناک ہیں جہاں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین اور کارکنوں کو مسلسل دباؤ اور خطرات کا سامنا ہے۔ گھروں کے محاصرے، مبینہ ڈرون حملوں، فائرنگ اور شہری ہلاکتوں کے واقعات نے ایک انسانی بحران کی شکل اختیار کر لی ہے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق 115 نہتے شہریوں کی شہادتوں کا حساب کون دے گا ؟ ان خاندانوں کو انصاف کون فراہم کرے گا ؟ ان ماؤں کو کون جواب دے گا جن کے جوان بیٹے قبروں میں جا سوئے ہیں؟ ان بچوں کو کون بتائے گا کہ ان کے والد اب کبھی واپس نہیں آئیں گے؟ کسی بھی ریاست کی اولین ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے نہ کہ اختلاف رائے رکھنے والوں کو دشمن سمجھ کر ان کے خلاف طاقت استعمال کرنا ہے آج یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ نومبر 2026ء میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے چھ انسانی حقوق ماہرین نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی، شہری ہلاکتوں، گرفتاریوں، مبینہ غیرضروری طاقت کے استعمال اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے حکومت پاکستان سے وضاحت طلب کی ہے۔ اس مراسلے میں کمیٹی پر پابندی کی وجوہات، شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات، گرفتاریوں اور شہری آزادیوں پر عائد پابندیوں سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ یہ ایک اہم پیش رفت ہے جسے معمولی سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے اسی طرح امریکہ میں پاکستان کے لیے امداد بند کرنے کے مطالبے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ عالمی سطح پر اٹھنے والے یہ سوالات اس بات کی علامت ہیں کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے حالات اب صرف مقامی انتظامیہ یا حکومت کے لیے ایک داخلی معاملہ نہیں رہے ہیں عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھی صورت حال پر وضاحت اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب عمر نذیر کشمیری کا اعلان ایک نئے سیاسی موڑ کی نشاندہی کرتا ہے ان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کا کوئی وکیل نہیں، کشمیر کا مقدمہ اب کشمیری خود لڑیں گے۔ یہ مؤقف دراصل اس تاریخی محرومی کی عکاسی کرتا ہے جس میں کشمیری عوام کو کبھی بھارت اور کبھی پاکستان کے سیاسی مفادات کے درمیان اپنی شناخت اور مستقبل کے سوال کا سامنا رہا ہے۔

کشمیری عوام یہ سوال اٹھانے میں حق بجانب ہیں کہ اگر بھارت اور پاکستان دونوں مسئلہ کشمیر کے دعوے دار ہیں تو پھر کشمیریوں کی اپنی مرضی ان کی سیاسی آزادی اور ان کے بنیادی حقوق کو فیصلہ کن اہمیت کیوں نہیں دی جاتی ہے ؟ کیا کسی قوم کے مستقبل کا فیصلہ اس کی مرضی کے بغیر کیا جا سکتا ہے؟ کیا آزادی اور حق خودارادیت صرف عالمی تقریروں اور سیاسی بیانات تک محدود رہنے چاہئیں؟ آج کا منظرنامہ 1947ء کے واقعات سے لے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں تک ایک طویل تاریخی سلسلے سے جڑا ہوا ہے۔ ایک طرف بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کشمیری عوام اپنے حقوق اور سیاسی شناخت کی جدوجہد کر رہے ہیں تو دوسری طرف پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بھی عوامی حقوق اور سیاسی اختیار کا سوال شدت اختیار کر چکا ہے۔ اگر دونوں اطراف کے کشمیری اپنے مستقبل کے فیصلے میں حقیقی اختیار چاہتے ہیں تو ان کی آواز کو سننا اور ان کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنا ناگزیر ہے۔

ظلم کرنے والو، تاریخ کو یاد رکھو۔ اقتدار ہمیشہ کسی کے پاس نہیں رہتا، طاقت کے ایوان ہمیشہ قائم نہیں رہتے اور بندوق کی نالی سے عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے کتنے کشمیریوں کو مارو گے؟ کتنے گھروں کو اجاڑو گے؟ کتنی ماؤں کی گودیں خالی کرو گے ؟ کسی قوم کی آزادی کی خواہش کو گولیوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا ہے 

کشمیری عوام کو مزید لاشیں نہیں، انصاف چاہیے۔ انہیں مزید مقدمات نہیں، بنیادی حقوق چاہئیں۔ انہیں خوف اور پابندیاں نہیں بلکہ سیاسی اختیار اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق چاہیے اب وقت آگیا ہے کہ 1947ء کے تاریخی واقعات، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور گزشتہ پانچ ماہ کے واقعات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے۔ شہری ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات ہوں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ تمام فریق تشدد سے گریز کریں اور کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ان کی آزادانہ مرضی کے مطابق کرنے کے لیے سنجیدہ راستہ اختیار کریں کشمیر کسی کی جاگیر نہیں، کشمیریوں کا وطن ہے۔ اس کے مستقبل کا فیصلہ نہ دہلی کے ایوانوں میں ہونا چاہیے، نہ اسلام آباد کے اقتدار کے ایوانوں میں، بلکہ خود کشمیری عوام کی آزادانہ مرضی سے ہونا چاہیے اللہ بہت بڑا ہے۔ مظلوم کی آہ کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ تاریخ کا فیصلہ طاقت کے ایوان نہیں بلکہ وقت اور انصاف کرتے ہیں وہ وقت دور نہیں جب اللہ پاک کا فیصلہ آئے گا اور دنیا دیکھے گی چونکہ شہید کشمیر قومی ہیرو مقبول بٹ شہید نے کہا تھا کہ میرے وطن تو ایک دن ضرور آزاد ہو گا آج وھی دعا وھی آواز ہر پیر جو خواتین اور بچوں کی زبان پر ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *