سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اقوامِ متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے۔ بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے خارج نہیں کر سکتا۔
ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک دیرینہ بین الاقوامی تنازع ہے، جو تاحال اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت کا توسیع پسندانہ اور بالادستی پر مبنی رویہ اسے مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تسلیم کرنے سے روکتا ہے۔ بھارت اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے ناقابلِ تنسیخ حق حق خودارادیت سے مسلسل محروم رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔حریت کانفرنس نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہی کیا جانا چاہیے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر اپنے وعدوں کی پاسداری اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈالے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، جس میں کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
