سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (راولپنڈی) : امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بدستور بنیادی حل طلب مسئلہ ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق سردار مسعود خان نے راولپنڈی لا کالج میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے تنازعہ جموں و کشمیر کے تاریخی، سیاسی اور قانونی پہلوؤں پر تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کی ابتدا 1947ءمیں تقسیم برصغیر سے جوڑتے ہوئے کہاکہ انڈین انڈیپینڈنسں ایکٹ کے تحت نوابی ریاستوں کو جغرافیائی قربت اور ان کی آبادی کی ساخت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کا اختیار دیا گیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی نمائندہ جماعت مسلم کانفرنس نے 19 جولائی 1947ءکو پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں ایک قرارداد منظور کی تھی۔
مسعود خان نے بعد کے سیاسی حالات، جموں و کشمیرپر بھارت کے قبضے اور اکتوبر 1947ءکے واقعات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے جموں کے قتلِ عام کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے اسے خطے کی تاریخ کے المناک ترین واقعات میں سے ایک قرار دیا اور ہزاروں مسلمانوں کی جبری بے دخلی اور اغوا کا حوالہ دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ واقعات تاریخِ کشمیر کا ایک اہم حصہ ہیں، تاہم نوجوان نسل میں ان کے بارے میں آگاہی ناکافی ہے۔
سردار مسعود خان نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے استصوابِ رائے کے حوالے سے بھارت کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔انہوںنے2019ءکے بعد کی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے مقبوضہجموں و کشمیر میں پابندیوں، گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور شہریوں کے خلاف پیلٹ گنز کے استعمال کاحوالہ دیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس تنازعے کو محض ایک سیاسی اختلاف کے بجائے اس کے انسانی اور بین الاقوامی قانونی پہلوو¿ں سے بھی سمجھنے کی کوشش کریں۔
سردار مسعود خان نے مئی 2025ءمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے پانچ خصوصی نمائندوں کے ایک مشترکہ بیان کا حوالہ دیا جس میں بھارت کے اقدامات اور حقِ دفاع کے مو¿قف کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ انہوں نے روایتی فوجی تصادم کے مسلسل خطرات اور پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ کے حوالے سے بھی خبردار کیا۔
سردار مسعود خان نے طلباءپر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کی تاریخ، بین الاقوامی قانون اور علاقائی سلامتی کے بارے میں گہری سمجھ بوجھ پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا مستقبل مسئلہ جموں و کشمیر کے پ±رامن اور منصفانہ حل سے گہرا تعلق رکھتا ہے، جبکہ نوجوان نسل کو انسانیت، انصاف اور امن کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔
