سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (راولاکوٹ/ مظفرآباد) : پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی تحریک اور پُرامن احتجاجی لہر کے دوران، شاعری کا ایک طاقتور اور انقلابی انداز سامنے آیا ہے۔ معروف شاعر عابی مکھنوی کی دل کو چھو لینے والی انقلابی نظم “میری آنکھوں نے جو دیکھا لوگو” کو جب محترمہ سردار اُمِ حبیبہ نے اپنے مخصوص جوش، ولولے اور پُرسوز انداز میں پیش کیا تو سننے والوں کے دل دہل گئے۔
شاعر عابی مکھنوی نے سردار اُمِ حبیبہ کے اس جاندار اور تاریخی اندازِ بیان کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ جس ولولے اور گہرائی کے ساتھ انہوں نے ان اشعار کو ادا کیا ہے، اس انداز میں یہ اشعار اس سے پہلے کبھی نہیں پڑھے گئے۔
نظم کے مقبول اشعار:
جو میری آنکھوں نے دیکھا لوگو اگر بتا دوں تو کیا کرو گے
جو سن رہے ہو وہ کچھ نہیں ہے، میں سب سنا دوں تو کیا کرو گے
یہ ہڈی بوٹی پہ پلنے والے، تمہیں بھی جاں سے عزیز تر ہیں
میں ان کے گورے نسب کا شجرہ کہیں ملا دوں تو کیا کرو گے
یتیم دھرتی کے قاتلوں سے کوئی نہیں جو قصاص مانگے
میں اپنے بچوں کو درس دے کر ابھی لگا دوں تو کیا کرو گے
اے گونگو ! بہرو ! جیو گے کب تک زمیں کے سینے پہ بوجھ بن کے
میں سارے ناگوں کے سب ٹھکانے تمہیں بتا دوں تو کیا کرو گے
یہ لکھنا پڑھنا، یہ کہنا سننا چلے گا کب تک خرد کے مارو
میں اپنی کاغذ قلم کی دنیا ابھی جلا دوں تو کیا کرو گے
اگر طلب ہے تمہیں کہ دیکھو وہ پہلے قطرے کا سُولی چڑھنا
میں کوئے جاناں سے سُوئے مقتل قدم اٹھا دوں تو کیا کرو گے
تمہاری آنکھوں میں دم نہیں ہے کہ سہہ سکیں وہ کوئی سویرا
میں شب کے سینے پہ مونگ دل کے دیا جلا دوں تو کیا کرو گے
یہ سچ کا ہیضہ جسے ہوا ہے وہ تم میں باقی کہاں رہا ہے
جو سو رہا ہے منافق عابیؔ، اسے جگا دوں تو کیا کرو گے
— عابی مکھنوی
