Input your search keywords and press Enter.

راولاکوٹ واقعہ پولیس کی دو پریس ریلیز چار ہلاکتیں اور سرکاری سچ پر سوالیہ نشان !

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز:

تحریر : محمد خورشید بیگ

راولاکوٹ بس ٹرمینل فائرنگ واقعہ کئی سوالات چھوڑ گیا ہے لیکن سب سے زیادہ حیران کن بات خود پولیس کے دو مختلف بیانات ہیں۔ ایک ہی واقعہ، ایک ہی شہر، ایک ہی پولیس کا نظام، مگر دو پریس ریلیز اور دونوں کے مندرجات میں ایسا فرق کہ عوام سوچنے پر مجبور ہیں کہ آخر سرکاری سچ کون سا ہے؟ ڈسٹرکٹ پولیس راولاکوٹ کی جانب سے صبح تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر جاری ہونے والی پہلی پریس ریلیز میں فائرنگ کے واقعہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے زخمی ہونے کا ذکر کیا گیا، لیکن مبینہ جوابی کارروائی میں چار افراد کی ہلاکت کا کوئی ذکر موجود نہیں تھا۔

اس کے بعد ڈی آئی جی پولیس پونچھ ریجن کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والی دوسری پریس ریلیز میں پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی کی شہادت اور جوابی کارروائی میں چار مسلح افراد کی ہلاکت کا دعویٰ سامنے آیا ہے اب سوال یہ ہے کہ پہلی پریس ریلیز میں چار افراد کی ہلاکت کا ذکر کیوں نہیں تھا ؟ کیا پہلی پریس ریلیز جاری کرنے والے آفیسران کو اس اہم واقعہ کا علم نہیں تھا ؟ اگر علم تھا تو عوام سے یہ حقیقت کیوں پوشیدہ رکھی گئی؟ اور اگر علم نہیں تھا تو پھر اتنے بڑے واقعہ کے بعد پولیس نے معلومات کی تصدیق کیے بغیر پریس ریلیز کیوں جاری کی ؟ کیا راولاکوٹ کے شہری اتنے بے خبر ہیں کہ انہیں جو چاہے بتایا جائے اور وہ خاموشی سے تسلیم کر لیں ؟

پولیس سے چند سیدھے سوالات ہیں۔ چار افراد کون تھے؟ ان کا تعلق کہاں سے تھا ؟ وہ کس مقام پر مارے گئے ؟ ان کی نعشیں کہاں منتقل کی گئی؟ ان کی شناخت کس نے کی؟ کیا ان کے لواحقین کو اطلاع دی گئی؟ کیا واقعہ کی قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم ہوا ؟ اگر یہ چار افراد مسلح تھے تو ان کے قبضے سے کون سے ہتھیار برآمد ہوئے اور ان کے شواہد کہاں ہیں؟

یہ بھی واضح کیا جائے کہ دونوں پریس ریلیز کے اوقات اور واقعات کی تفصیلات میں فرق کیوں ہے؟ کیا پولیس کے مختلف دفاتر ایک دوسرے سے رابطے میں نہیں یا پھر عوام کو معلومات فراہم کرنے کے لیے کوئی ایک متفقہ مؤقف موجود نہیں؟

یہ کوئی معمولی معاملہ نہیں کہ ایک پریس ریلیز میں چار ہلاکتوں کا ذکر تک نہ ہو اور دوسری میں اچانک چار افراد کی ہلاکت کا دعویٰ سامنے آ جائے۔ سرکاری بیانات کوئی افسانہ نہیں ہوتے کہ جب چاہا ایک کردار شامل کر دیا اور جب چاہا حذف کر دیا۔ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے، انسانی حقوق کا معاملہ ہے اور قانون کی بالادستی کا معاملہ ہے۔

ایک مہذب معاشرے میں پولیس کا کام حقائق سامنے لانا ہوتا ہے، حقائق کو اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دینا نہیں۔ پولیس عوام کی محافظ اور جواب دہ سرکاری ادارہ ہے، کوئی ایسا خودمختار اقتدار نہیں جس کے بیانات پر سوال اٹھانا جرم سمجھا جائے۔

اگر چار افراد واقعی مارے گئے ہیں تو ان کی شناخت اور ہلاکت کے حالات عوام کے سامنے لائے جائیں۔ اگر پولیس کا دعویٰ درست ہے تو شواہد پیش کرنے میں ہچکچاہٹ کیوں؟ اور اگر ابتدائی پریس ریلیز نامکمل تھی تو اس کی وضاحت کون کرے گا ؟ یاد رکھیے، سرکاری پریس ریلیز میں تضاد صرف الفاظ کا اختلاف نہیں ہوتا، یہ اداروں کی ساکھ کا سوال بن جاتا ہے۔ عوام کو اعتماد میں لینے کے بجائے متضاد بیانات دیے جائیں تو شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں۔

راولاکوٹ کے شہریوں کو سرکاری وضاحت چاہیے، کہانیاں نہیں۔ انہیں حقائق چاہئیے دعوے نہیں انہیں جواب دہی چاہیے، خاموشی نہیں۔

بقول شاعر : سچ بولنے والوں کو دبایا نہیں کرتے

حقائق کو پردوں میں چھپایا نہیں کرتے شہریوں کا پولیس کے اعلیٰ آفیسران سے مطالبہ ہے کہ دونوں پریس ریلیز کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے، ان کے مندرجات میں موجود تضادات کی وضاحت کی جائے اور چار افراد کی ہلاکت کے دعوے کے شواہد پیش کیے جائیں۔

آخر میں ایک سوال پھر دہراتا ہوں اگر ایک ہی واقعہ پر پولیس کے دو بیانات مختلف ہیں تو عوام کس پر اعتبار کریں؟ پہلی پریس ریلیز پر یا دوسری پر ؟

پولیس عوام کو قانون کا پابند بنانا چاہتی ہے تو اسے بھی قانون، شفافیت اور جواب دہی کا پابند ہونا ہوگا۔ وردی کسی کو سوالات سے بالاتر نہیں کرتی ہے ۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *