سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فورسز نے بدھ کومسلسل آٹھویں روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں جس کے باعث مقامی لوگوں میں خوف و ہراس کی نئی لہر پھیل گئی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں فائرنگ کی جن میں ضلع کے علاقے زنگل پورہ میں ایک مسجد کے قریب فائرنگ بھی شامل ہے۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔
اس سے قبل بھارتی فورسز نے پیر کے روز ضلع کے علاقے لارو میں ایک نوجوان عمر نثار ڈار کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔
دریں اثنائبھارتی فورسز معروف آزادی پسند کارکن لطیف بٹ کو گھیر کر شہید کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بدھ کی صبح سویرے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ زنگل پورہ گاوں میں وہ ان کے محاصرے میں ہے۔
بھارتی حکام کشمیریوں کی جائز سیاسی خواہشات کو نام نہاد سکیورٹی خطرے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے مطالبے کو دبایا جا رہا ہے۔
کشمیری کئی دہائیوں سے ا پنے سیاسی حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر ظالمانہ قوانین کے تحت قتل وغارت، بلاجواز گرفتاریوں، دھمکیوں اور پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنانے، سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے اور آزادی اظہار پر پابندیوںنے کشمیری عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔کشمیریوں کو بدستور اپنے سیاسی مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اوران کی حقیقی خواہشات کو فوجی کارروائیوں اور پابندیوں سے دبایاجارہاہے۔
عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیں، تشدد اور بلاجواز گرفتاریوںکے خاتمے کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں،کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ان کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
