سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے علاقے پر اپنے تسلط کو برقرار رکھنے کے لیے یہاں 11لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کررکھے ہیںجنہوں نے کشمیریوںکا جینا حرام کر رکھا ہے۔
میڈیاسورسز کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت محض فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر قابض ہے ، اس نے لاکھوں فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعے اسے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط کےخلاف قربانیوںکی ایک عظیم تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے سیاسی ، معاشی ، معاشرتی ، مذہبی سمیت تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور وہ جائیدادوں کی ضبطی ، کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے انہیں تحریک آزادی سے باز رکھنا چاہتی ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر کے بارے میں اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مسلسل کوشش کر ہی ہے تاہم دنیا اسکے جھوٹ پر کان دھرنے کیلئے بالکل تیار نہیں ہے اور وہ کشمیرکو بدستور ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ضروری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری گزشتہ 78برس سے بھارتی جبر کا عزم وہمت اور بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ اپنے شہداءکے مقدس لہو سے سینچی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔
ترجما ن نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے ہوشیار رہیں اور تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دیں۔
