سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب نئی منتخب حکومت کے قیام کے بعد اہم آئینی عہدوں کی تشکیل کے سلسلے کی تکمیل بھی ہے، اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے جبکہ چودھری طارق فاروق نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا منصب سنبھالا تھا۔ نومنتخب صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، طارق فضل چودھری، رانا ثنا اللہ اور امیر مقام بھی شریک ہوئے۔
بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر ریاست منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کے انتخاب پر اپنی قیادت نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور پوری پارلیمانی پارٹی کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کو مضبوط، ایوان کی حرمت اور وقار کو برقرار رکھنا ہے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ پونچھ کے سات حلقوں میں انتخابات نہ ہونے پر افسوس ہے، ڈاکٹر نجیب نقی اور ان کے خاندان کی پونچھ و آزاد کشمیر کے لیے بے شمار خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کے صدر منتخب ہونے کے فیصلے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے معاملات ڈاکٹر نجیب نقی سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اہلیان پونچھ کو مبارکباد، پونچھ کا بیٹا صدر منتخب ہوا ہے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ سابق دور حکومت کی انتظامیہ ہی کام کر رہی ہے، ابھی تک کوئی تبادلہ نہیں کیا، ایجوکیشن پیکج پر اعتراضات کے باعث کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے جامع پالیسی لا رہے ہیں، پونچھ کے سات حلقوں میں جلد انتخابی عمل مکمل کرنے کی کوشش ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا سیاسی سفر
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا سیاسی سفر آزاد کشمیر کے پونچھ ڈویژن کے علاقے سدھنوتی سے شروع ہوا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سیاسی و حکومتی سفر کے بعد وہ آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بنے۔ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق ضلع سدھنوتی کے علاقے پلندری سے ہے۔ وہ 19 جنوری 1964ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی۔
62 سالہ ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے، ان کے دادا کرنل خان محمد خان کو آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ’’بابائے پونچھ‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، جبکہ ان کے والد کرنل محمد نقی خان بھی سیاست میں سرگرم رہے۔
والد کے انتقال کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی نے 1990ء کی دہائی میں عملی سیاست کا آغاز کیا، 1991ء کے انتخابات میں وہ پہلی مرتبہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، اس دوران انہوں نے صحت، منصوبہ بندی و ترقی کے شعبوں میں پارلیمانی سیکریٹری کی ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔ 1996ء کے انتخابات میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر دوبارہ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، جبکہ 2001ء سے 2006ء تک آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن رہے۔
2006ء کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور حکومت میں صحت، بہبودِ آبادی، کالجز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ 2011ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے، 2016ء میں بھی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور 2021ء تک صحت، خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات سمیت اہم محکموں کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔2021ء کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے تنظیمی اور سیاسی معاملات میں بھی ڈاکٹر نجیب نقی کا شمار اہم رہنماؤں میں ہوتا رہا، رواں ماہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے انہیں آزاد کشمیر کے صدر کے منصب کے لیے پارٹی کا امیدوار نامزد کیا۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا سیاسی سفر رکن اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری، کشمیر کونسل کے رکن اور مختلف اہم محکموں کے وزیر کی ذمہ داریوں سے گزرتا ہوا، اب آزاد کشمیر کے آئینی منصبِ صدارت تک پہنچا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ڈاکٹر نجیب کو مبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر نجیب نقی کے بطور صدر آزاد جموں و کشمیر انتخاب پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
