سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے قانون ساز اسمبلی کے رکن معراج ملک کی غیر قانونی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق معراج ملک کو گزشتہ سال 8 ستمبر کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے جموں کی کٹھوعہ جیل میں منتقل کر دیا گیا تھا۔گزشتہ سال 24ستمبر کو انہوں نے کشمیر ہائی کورٹ میں اپنی غیر قانونی نظربندی کے خلاف عرضداشت دائر کی تھی۔ مقدمے کی سماعت جسٹس محمد یوسف وانی پر مشتمل ہائی کورٹ کے بنچ نے کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کیا۔معراج ملک کی طرف سے سینئر وکیل ایڈووکیٹ اپو سنگھ سلاتھیا عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے سماعت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ عدالت نے درخواست گزار کی قانونی ٹیم اور ریاستی حکام دونوں کو ایک ہفتہ کا وقت دیا ہے کہ وہ فیصلے سے قبل تحریری گزارشات یا کوئی اضافی دستاویزات پیش کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ، ایم ایل اے معراج ملک کی نظربندی کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ
