Input your search keywords and press Enter.

میر واعظ کا سماجی رویوں میں انحطاط پر اظہار تشویش

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے معاشرے میں سماجی رویوں میں انحطاط کے رجحان پر تشویشن کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہمیں اپنی اخلاقی اصلاح کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے مسجد ابوبکر زونیمار سرینگر میں رمضان المبارک کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان صرف کھانے پینے سے پرہیز کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اخلاقی تبدیلی اور باطنی اصلاح کا مہینہ ہے۔ حقیقی روزہ گفتار کی پاکیزگی، فکر کے نظم و ضبط اور کردار کی درستگی کا تقاضا کرتا ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ اگر ہماری گفتگو تمسخر، تضحیک اور تکلیف دہ الفاظ سے بھری ہو تو یہ ایک اخلاقی بحران کی علامت ہے، جسے رمضان کے پیغام کی روشنی میں درست کرنا ناگزیر ہے۔ میر واعظ نے خاص طور پر سوشل میڈیا کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ابلاغ اور مثبت مکالمے کے لیے قائم کیے گئے پلیٹ فارمز بدسلوکی، ذاتی حملوں اور غیر مہذب زبان کے مراکز بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختلافِ رائے کو بے عزتی، تذلیل یا غیر انسانی رویے کا جواز نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے میل جول میں وقار، تحمل اور ہمدردی کو اپنائیں تاکہ رمضان المبارک کو اخلاقی اصلاح اور سماجی ہم آہنگی کا ذریعہ بنایا جا سکے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *