سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار صحافت کسی بھی حقیقی جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ شہریوں کو باخبررکھتی اور لیڈروں کو جوابدہ بناتی ہے۔
ذرائع کے مطابق فاروق عبداللہ نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پرکہا کہ کشمیر کی میڈیا برادری شدید دباو میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو وہ آزادی اور عزت دیے بغیر کوئی معاشرہ جمہوریت سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا جس کے وہ حقدار ہیں۔فاروق عبداللہ نے پابندیوں اور چیلنجوں کے باوجود عوامی حقوق کا دفاع کرنے پر مقامی صحافیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہونے والے صحافیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قربانی کو سچ کی خدمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد سوچ اور آزادانہ اظہار رائے آزاد صحافت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری اور وقار کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھے۔ این سی صدر کا یہ بیان مقبوضہ جموں و کشمیر میں میڈیا پر جاری پابندیوں پر بڑھتی ہوئی تشویش کے دوران آیا ہے جہاں صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ رپورٹنگ کرنا انتہائی مشکل ہے۔
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں صحافیوں کو شدید دباو کا سامنا ہے: فاروق عبداللہ
