سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے شوپیاں اور راجوری اضلاع میں بھارتی فورسز کی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی مسلسل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیرا کمانڈوز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ نے آج ساتویں روز بھی ضلع شوپیاں کے سید پورہ پایان، امشی پورہ، شمسی پورہ، چنا پورہ، گندھاڈو، چک شمشی پورہ، چک امشی پورہ اور ملحقہ علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران بدھ کو علاقے میں ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیاتھا۔
دوسری جانب بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع راجوری کے منجکوٹ اور سندر بنی کے مختلف علاقوں میں اپنے طویل فوجی آپریشن کو مزید تیز کردیاہے جو آج مسلسل 49ویں روز میں داخل ہو گیاہے۔ان علاقوں میں ڈرون اورجنگی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ نگرانی کے نظام کے ذریعے راجوری اور پونچھ اضلاع میں لوگوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔بھارتی فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ نے کنٹرول لائن کے ساتھ فوجی آپریشن کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پونچھ، راجوری اور سندر بنی کے علاقوں کا دورہ کیا ۔
