سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) :کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370اور 35Aسمیت ریاستی تشخص کی بحالی اور انسانی حقوق کا احترام اہم مسائل ہیں۔ تاہم انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کا بنیادی اور دیرینہ مطالبہ حقِ خودارادیت ہے۔
ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ لاکھوں کشمیری اس بنیادی حق کے حصول کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ قربانیوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے بنیادی حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ریاستی تشخص کی بحالی اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ بھی اہم ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں اور طویل جدوجہد کو نظرانداز کرکے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ممکن نہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
غلام محمد صفی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
