Input your search keywords and press Enter.

آزاد جموں و کشمیرکی یومِ تاسیس پر مبارکباد

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے یوم تاسیس پر آزاد کشمیر کی حکومت، قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے ایک بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تنازعۂ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا حصول تحریکِ آزادی کا بنیادی مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا قیام ایک تاریخی پس منظر اور قومی مقصد سے وابستہ ہے۔ اس انتظامی اور سیاسی ڈھانچے کی بنیادی ذمہ داریوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرنا اور عالمی سطح پر ان کی آواز مؤثر انداز میں بلند کرنا شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت پر یہ اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف جاری جدوجہد کو آگے بڑھانے، کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعے کے منصفانہ حل کے لیے اپنی کوششوں کو مؤثر بنائے۔ انہوں نے زور دیا کہ یومِ تاسیس محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ تحریکِ آزادی کے بنیادی مقاصد اور قومی ذمہ داریوں کا ازسرِنو جائزہ لینے کا موقع بھی ہے۔

ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی سہولیات، معاشی ترقی اور دیگر جائز ضروریات پوری کرنا بھی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ حکومت کو اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے چاہییں۔ تاہم، ان داخلی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی حمایت اور مقبوضہ علاقے کے عوام کی نمائندگی کے بنیادی قومی فریضے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو اپنی پالیسیوں اور ترجیحات میں تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو مرکزی حیثیت دینی چاہیے اور پاکستان کی حکومت، سیاسی جماعتوں، پارلیمان، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے۔

ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس کا حقیقی تقاضا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کریں اور اس قومی مقصد کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *