Input your search keywords and press Enter.

جموں وکشمیر پربھارت کاناجائز قبضہ اور ظالمانہ پالیسیاں جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں:حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے پر بھارت کا جابرانہ قبضہ اور اس کی ظالمانہ پالیسیاں جنوبی ایشیا میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد علاقائی ،سیاسی اور اقتصادی استحکام کو لاحق خطرات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے منگل کو یوم سیاہ منانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کا جبری قبضہ کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف ہر قیمت پر مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

حریت ترجمان نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کے توسیع پسندانہ عزائم علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ بھارت کئی دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوجاتا، جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ 5اگست 2019 کو بی جے پی حکومت کے غیر قانونی اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ نئی دہلی کو علاقائی امن کی کوئی پروا نہیں۔

حریت ترجمان نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے خلاف بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے باعث جنوبی ایشیا میں امن بدستور خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بارہا عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں بھارت کی تخریبی سرگرمیوں سے آگاہ کر چکا ہے۔ عالمی برادری کو خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والے بھارت کے کردار کا نوٹس لینا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ اب پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حل میں تاخیر چاہتا ہے تاکہ علاقے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔ تاہم کشمیری عوام بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی ان تمام سازشوں اور مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *