سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
ذرائع کے مطابق فاروق عبداللہ سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے خلاف سازشیں کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ پارٹی کو مختلف ادوار میں کئی خطرناک اور مذموم سازشوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں 1953، 1977، 1984 اور 1990 کے واقعات شامل ہیں۔ تاہم ہر بار عوام کے غیر متزلزل تعاون اور حمایت سے پارٹی کامیاب ہو کر ابھری۔
فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس وقت تک اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی، جب تک عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق بحال نہیں ہو جاتے۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما، ارکان پارلیمنٹ، کابینہ وزرا، ارکان قانون ساز اسمبلی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
