سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفر آباد) : آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور کپٹن حسین شہید کو شاندار خراج عقیدت کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تقریب کا انعقاد کشمیرلبرشن سیل اور الیمنٹری سکولز نے کیا تھا۔ کرنل خان محمد خان المعروف خانصاحب مرحوم اور کیپٹن حسین خان شہید کی سالانہ برسی کی تقریب سے وزیر تعلیم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر عمیر نعیم، سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل جاوید الحسن جاوید اور دیگر مقررین خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ آج ہم یہاں ایک ایسے عظیم مقصد کے تحت جمع ہوئے ہیں جس کا تعلق ہماری تاریخ، ہماری شناخت، ہماری عزت اور ہمارے ان عظیم لوگوں کی قربانیوں سے ہے جنہوں نے اپنے اپنے عظیم کارناموں کے ذریعے تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔
انہوں نے کہا آج کا یہ اجتماع شہدا پونچھ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ہم ان تمام شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے وطن، اپنے لوگوں اور اپنے اصولوں کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا خطہ پونچھ کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد، استقامت اور حوصلے کی تاریخ ہے۔ اس سرزمین نے ایسے بہادر انسان پیدا کیے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ مقررین نے کہا کہ پونچھ کی تاریخ میں 1947 کے واقعات اہم مقام رکھتے ہیں۔ اس خطے کے لوگوں نے اپنے سیاسی مستقبل، حقوق کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ ان واقعات میں جانیں قربان کرنے والے تمام لوگ ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرنل خان محمد خان نے ”جنگی کونسل ”کے چیئرمین کی حیثیت سے اس مسلح جدوجہد کی قیادت کی، جس نے پونچھ پر قائم ظالم ڈوگرہ راج کاخاتمہ کر دیا تھا۔مقررین نے کہاکہ کرنل خان محمد نے اس مزاحمتی تحریک کی قیادت کی جس کے نتیجے میں آزاد خطہ وجود میں آیا۔وار کونسل میں ان کی قیادت نے منتشر مزاحمت کو ایک منظم مہم میں بدل دیا،ان کی رہنمائی میں لڑنے والی فوج کی کامیابی کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کا قیام عمل میں آیا ۔
