سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) : کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، گھروں پر چھاپوں اور نوجوانوں کی گرفتاریوں پرسخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے گھروں پر چھاپوں، نوجوانوں کی گرفتاریوں اور عوام کو مسلسل ہراساں کرناانتہائی قابل مذمت ہیں۔ ان کارروائیوں کے باعث کشمیری عوام شدید مشکلات اور خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ حریت قیادت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اجلاس کے شرکاء نے زور دیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طورپر متنازعہ علاقہ ہے، جس کی متنازعہ حیثیت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حتمی حل کشمیری عوام کی آزادانہ مرضی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ حریت قیادت نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، قانونی اور بین الاقوامی حیثیت کو متاثر کرنے والے کسی بھی یکطرفہ اقدام کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
اجلاس کے اختتام پر حریت رہنما نظیر احمد کرنائی کی خوش دامن، مرحوم مجاز کشمیری کے بھائی، مرحوم شجاع عباس کے والد اور مقبوضہ کشمیر کے معروف ہارٹ سرجن ڈاکٹر محمد اکبر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاگیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔اس موقع پر جملہ کشمیری شہداء اور دیگر مرحومین کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔
