سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (جموں) کانگریس مقبوضہ کشمیر شاخ نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ضلع سانبہ کی تحصیل رام گڑھ میں زبردست احتجاجی ریلی نکالی۔
ذرائع کے مطابق کانگریس مقبوضہ جموں و کشمیرشاخ کے صدر طارق حمیدقرہ نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے جمہوری اور آئینی حقوق سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کے ذریعہ مقبوضہ علاقے کی ریاستی حیثیت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ریاستی حیثیت کی بحالی کے سلسلے میں اپنی بار بار کی یقین دہانیوں کا احترام کرنے میں ناکام رہی ہے اور غیر ضروری طور پر اس عمل میں تاخیر کر رہی ہے۔طارق قرہ نے اشیائے ضروریہ، پٹرول، ڈیزل اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابض حکام کوتنقید کا نشانہ بنایا اور عام لوگوں، کسانوں، مزدوروں، تاجروں اور متوسط کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔بار بار پیپر لیک ہونے کے واقعات اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ انتظامی ناکامیوں کی وجہ سے نوجوانوں کے مستقبل سے سمجھوتہ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہزاروں مستحق امیدوار منصفانہ مواقع سے محروم ہو رہے ہیں، جبکہ بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور قابض حکام پر زور دیا کہ بھرتی کا شفاف طریقہ کار اپنایاجائے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔
