Input your search keywords and press Enter.

بھارتی فورسز نے کولگام میں دو کشمیری نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہیدکردیا

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی ایک اور کارروائی میں آج ضلع کولگام میں دو کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کولگام کے علاقے لارو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں دو نوجوانوں لطیف بٹ اور عمر کو شہید کیا۔ دونوں نوجوان تحریک آزادی سے وابستہ تھے۔بھارتی فوجیوں نے دعوی کیا کہ دونوں نوجوان عسکریت پسند تھے اور گزشتہ بدھ کو ضلع کے علاقے میر بازار میں بھارتی پیرا ملٹری اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھے۔ اس حملے میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

تاہم مقامی لوگوں نے بھارتی فورسز کے موقف کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوانوں کو گزشتہ رات فوجی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا گیا۔ مقامی لوگوں نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل واقعے کو سامنے لایاجائے ا ور یہ تعین کیا جائے کہ آیا نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعدشہید کیا گیا۔

اس واقعے نے ایک بار پھر مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی کے فقدان سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا ہے۔دونوں نوجوانوں کی شہادت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل فوجی کارروائیوں اور جعلی مقابلوں کے حوالے سے تشویش مزید بڑھا دی ہے۔

کشمیری عوام اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بارہا دوران حراست ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ وہ ان جرائم میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی پرزور دیتی ہیں۔عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہیں کولگام میں نوجوانوں کی شہادت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنانے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور زندگیوں کے احترام کے لیے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *