سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم:
تحریر اشرف سراج گلتری
کائنات کا ایک سادہ سا اصول ہے کہ جب کوئی درخت اپنے پتوں کو پانی دینا بند کر دے، تو پتے خود گرنا شروع کر دیتے ہیں۔ محبت اور وفاداری بھی اسی طرح کام کرتی ہے۔ جب کوئی قوم اپنے ہی محافظوں سے مایوس ہو جائے، تو وہ تاریخ کے کسی اور کھڑکی سے جھانکنے لگتی ہے۔ یہ کوئی سازش نہیں، یہ انسان کی فطرت ہے۔
پچھلے دنوں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے رہبر معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای کے نام جو خط لکھا گیا، وہ محض ایک سفارتی دستاویز نہیں، بلکہ ایک ایسی قوم کی دبی ہوئی سسکی ہے جو اپنے ہی خطے میں خود کو تنہا محسوس کر رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر وہ کون سی مجبوری ہے جس نے مظفرآباد اور سرینگر کے لوگوں کو باہر کی طرف دیکھنے پر مجبور کر دیا؟ کیا ہم اپنے مظلوموں کی وفاداری کے امتحان میں فیل ہو چکے ہیں؟
اگر آپ کشمیر کی گراؤنڈ ریئلٹی کا جائزہ لیں تو تصویر بہت خوفناک نظر آتی ہے۔ وادی میں تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ہی، لیکن ہماری اپنی طرف کے کشمیر میں بھی مہنگائی، بے روزگاری اور وسائل کی کمی نے نوجوانوں کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ مقامی سطح پر حقوق کی جنگ لڑنے والے گروہ مذاکرات کے بعد معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر احتجاج کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ہمارے حکمرانوں کی ساری محنت صرف پانچ فروری کو ایک بڑی تقریر، قراردادوں اور اخبارات میں چھپنے والی تصویروں تک محدود ہے۔
ہمارے پاس کشمیر کے لیے جذبات تو بہت ہیں، مگر حکمتِ عملی صفر ہے۔ ہم ایک ایسے نیم حکیم کی طرح ہیں جو مریض کی نبض تو دیکھتا ہے، لیکن دوا دینے سے ڈرتا ہے۔ ہم عالمی سطح پر اپنے مقدمے کو محض مذمتی بیانات تک محدود رکھتے ہیں، جبکہ دنیا کی طاقتیں اپنے مفادات کی خاطر نقشے بدل رہی ہیں۔ جب ہماری اپنی معیشت مفلوج ہوگی اور ہمارے ادارے باہمی جھگڑوں میں الجھے ہوں گے، تو دنیا ہماری بات کیوں سنے گی؟ کشمیری نوجوان کا پیٹ محض مذمتوں سے نہیں بھرتا، اسے چولہا جلانے کے لیے روزگار چاہیے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے حکمران عقلِ سلیم اور تدبر سے کام لیں۔ محض جذباتی نعروں سے قومیں نہیں جیتیں۔ کشمیر کے مسئلے کا اصل حل ہماری اپنی معاشی مضبوطی، اندرونی استحکام اور پختہ سفارتی لائحہ عمل میں پوشیدہ ہے۔ تاریخ بہت ظالم استاد ہے، یہ انہی لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو حالات کو سمجھیں اور بروقت اپنی پالیسی بدلیں۔ آنکھیں بند کر کے یہ سوچنا کہ سب ٹھیک ہے، خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ یاد رکھیں، جب کسی قوم کی وفاداری کو ٹھکرا دیا جائے، تو پھر دیواروں پر لکھا کوئی نام بھی وقت کے ساتھ مٹ جاتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ تقریروں کی جگہ اب خاموشی سے بڑے اور درست فیصلے کیے جائیں۔
