سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (مظفرآباد) : پاکستان زیر انتظام جموں کشمیر حکومت کے سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان نے خطے کی موجودہ تشویشناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ اکتوبر 2025 میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) اور حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دیں۔
اپنے بیان میں سردار یعقوب خان نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ پچھلے معاہدے کے تحت کیے گئے وعدے پورے ہوئے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر معاہدہ مکمل ہو چکا ہے تو عوام دوبارہ سڑکوں پر کیوں ہیں، اور اگر مطالبات تشنۂ عمل ہیں تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف (فیلڈ مارشل سید عاصم منیر) سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کشیدہ صورتحال کو حل کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
سردار یعقوب خان نے دردِ دل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تصادم کے دونوں اطراف ان کے اپنے لوگ اور سکیورٹی فورسز کے جوان ہیں، اور اس صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہو چکا ہے تو وہ خود اپنے لوگوں کو حقائق سے آگاہ کریں گے، اور اگر وعدے پورے نہیں ہوئے تو حکومت سے ان کی تکمیل کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسائل کو طاقت کے بجائے افہام و تفہیم، مذاکرات اور باہمی اعتماد کے ذریعے حل کیا جائے۔
