Input your search keywords and press Enter.

ہائے ووے مہاڑیے کشمیرے

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز:

تحریر : نقی اشرف

مجھے ترکِ وطن کیے ہوئے اڑھائی دہائیاں ہوچکی ہیں، تقریباََ ہر سال وطن مالوف جاتا ہوں۔ حال ہی میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ میں اپنی جنم بھومی راولاکوٹ نہیں جاسکا اور راولپنڈی میں دو ہفتے گزار کر واپس لوٹا ہوں۔ میری زندگی کے بمشکل دو سال پاکستان میں گزرے ہوں گے۔ میں نے راولاکوٹ اور یورپ کے ٹھنڈے موسم میں زندگی گزاری ہے۔ میں ہرسال گرمیوں میں ہی وطن مالوف جاتا ہوں۔ گرمی سے بچنے کے لیے اکثر ائیرپورٹ سے سیدھا راولاکوٹ جاتا ہوں۔ ہمارے بچپن اور لڑکپن میں جب ہم بیڈ فورڈ بس اور بعد ازاں ٹویوٹا ہائی ایس سے گرمی کے موسم میں راولپنڈی جاکر واپس آرہے ہوتے تھے تو جھلستی گرمی میں جونہی بس یا ہائی ایس وین آزادپتن کا پُل کراس کرتی تھی تو ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا آتا تو گاڑی میں سوار کوئی مسافر بے اختیار پکار اُٹھتا ‘‘ہائے ووے مہاڑیے کشمیرے‘‘۔ بالعموم آزادکشمیر بھر اور بالخصوص پونچھ میں جاری رنج و الم کی فلم ذہن کے پردہ اسکرین سے محو ہوتی ہی نہیں اور اگر کسی لمحے توجہ کسی اور طرف مبذول ہوتی ہے تو جب توجہ واپس اس المیے کی طرف جاتی ہے تو میرے ذہن میں بھی وہی جملہ گونجتا ہے ‘‘ ہائے ووے مہاڑیے کشمیرے‘‘

میں پُرامن اور عدم تشدد پر مبنی سیاسی جدوجہد کا قائل ہوں اور یہ سمجھتا ہوں کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج اور جدوجہد ہر شہری کا حق ہے۔ رواں تحریک میں تشدد کے در آنے سے فورسز سمیت تقریباََ ڈیڑھ سو سے زائد جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ دریائے جہلم کے آر پار بسنے والے کسی طور ایک دوسرے کے دشمن نہیں ہوسکتے۔ دونوں اطراف کے عوام کے صدیوں پرانے تاریخی رشتے ہیں۔ فورسز بھی غریب انسانوں پر مشتمل ہیںجو حکم کے پابند لوگ ہیں۔ عوام سے کسی کی جان جائے یا فورسز میں سے کوئی کام آجائے، ہر دو صورتوں میں کسی ماں کی گود اُجڑتی ہے اور کسی بہن کا سہاگ لُٹتا ہے۔ ہر دو اطراف سے کسی جان کا ضیاع بحثیت انسان یکساں تشویش ناک بات ہے۔ یہ المیہ ہے کہ ایک طرف سے آئین و قانون اور حکومتی رِٹ کے نام پر اور دوسری طرف سے مزاحمت کے نام پر ایک ایسی لڑائی جاری ہے جس کا کوئی سِرا ہاتھ آتا دکھائی نہیں دے رہا۔ اس لڑائی کا انجام تباہی اور بربادی کےسوا کچھ بھی نہیں ہوگا۔ ہماری کسی نصابی کتاب میں چُنا مُنا دو چوزوں کے بارے میں ایک نظم ہوتی تھئ،جو آپس میں لڑتے تھے اور لڑتے لڑتے ایک کی دُم اور ایک کی چونچ گُم ہوگئی تھی۔ خدا نہ کرے کہ اس لڑائی کا انجام بھی وہی ہو۔ پے درپے تشدد کے واقعات نے میرے جیسے لوگوں کے دماغ ماوف کردیے ہیں۔ وہ گرد اُٹھی ہے کہ اب حکومت کی طرف سے کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کو پُرامن قرار دیا جا سکتا ہے نہ مکمل طور پر کوئی مسلع مزاحمت۔ میرے لیے سب سے تشویش ناک بات باضابطہ عسکریت پسندوں کی موجودگی ہے۔ میں حالیہ پاکستان یاترا کے موقع پر درجنوں ایسے خواتین و حضرات سے ملا ہوں جو حالیہ صورتِ حال کے باعث راولاکوٹ سے نقل مکانی کرکے راولپنڈی آئے تھے، میں نے سب کے سامنے ایک ہی سوال رکھا کہ یہ عسکریت پسند کون ہیں؟ ایک بڑی تعداد کا کہنا تھا کہ وہ اُنھی کے لوگ ہیں جنھوں نے کبھی اُن کو یہ راستہ دکھایا تھا اور ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے جو اُنھیں اُن کے تخلیق کاروں کے باغی اور کسی نہ کسی طور ‘مزاحمت‘ کا حصہ سمجھتے ہیں۔ میری رائے میں دھرنوں کے خلاف کسی کاروائی سے پہلے اُن عسکریت پسندوں کے خلاف کاروائی کرکے وہ گھر واگزار کروائے جانے چاہیے جن پر وہ قابض ہیں۔ جہاں تک عوام کا تعلق ہے اُن کے ساتھ بات چیت کا راستہ اپنانے سے ہی حالات سدھار کی طرف آسکتے ہیں۔ طاقت کے بے جا استعمال سے امن کے قیام کے امکانات معدوم ہی ہوتے جائیں گے۔ جب کسی کی جان جاتی ہے تو اُس کے ماں باب، اولاد، بہن بھائیوں اور دوستوں ساتھیوں میں انتقام کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، خدانخواستہ مزید دوچار سو لوگوں کی جانیں ضائع ہونے سے بات کہیں سے کہیں نکل سکتی ہے۔ قیامِ امن کے حوالے سے دونوں اطراف سے اعتماد سازی کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے پہلا قدم طاقتور حلقوں کی طرف سے اُٹھایا جانا چاہیے، اور کچھ نہیں تو اتمام حجت کے لیے ہی ایسا کیا جانا چاہیے۔۔ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ آخر ریاست عوام کے لیے ہوتی ہے نہ کہ عوام ریاست کے لیے۔

میں قبل ازیں بھی عرض کرچکا ہوں اور اب مکرر عرض ہے کہ آزادکشمیر ایک چھوٹی سی لینڈ لاک پٹی ہے جس کا ایک ہی طرف راستہ کھلا ہے۔ یہ پٹی کہیں بھاگی نہیں جارہی، ہاں طاقت کا اندھا استعمال اسے کسی سمت دھکیلنے کی دانستہ یا نا دانستہ کوشش ضرور ہوسکتی ہے۔ میری طاقتور حلقوں سے اپیل ہے کہ عوام کو طاقت سے فتح کرنے کے بجائے اُن کے ذخموں پر مرحم رکھئیے۔ دنیا کا ہر مسلہ کہیں نہ کہیں بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوا ہے۔ یہ نزاع بھی کسی مرحلے پر بات چیت کی طرف ہی جائے گا۔ وہ بات چیت جو کل مزید جانوں کے ضیاع کے بعد ہونی ہے، کیا ہی اچھا ہو کہ اُس کا آغاز ابھی ہوجائے۔کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی سے بھی گزارش ہے کہ یہ تحریک جس سمت چل نکلی ہے، اُس سمت عام آدمی کا مفاد ڈھونڈنا خود فریی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ہم پہلے ہی تاریخ کے بوجھ تلے دبے لوگ ہیں، مزاحمت کے نام پر مزید بوجھ تلے دبنا دانشمندی نہیں ہے۔

حرفِ آخر کے طور پر حکومتِ آزادکشمیر اور سیاسی قیادت سے بھی عرض کرتا چلوں کہ آخر آپ کس مرض کی دوا ہیں؟ آپ بروئے کار آنے کے لیے خلقِ خدا کے مِٹ جانے کا انتظار کیوں کررہے ہیں؟

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *