سرینگر(سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز) : غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے جموں کی خصوصی این آئی اے عدالت کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمااورپارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ سمیت 3 حریت رہنمائوں کے خلاف 30سال پرانے جھوٹے مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام رسول نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ شبیر احمد شاہ سمیت غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے اوربھارت کے سامنے سرتسلیم خم نہ کرنے پر مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ شبیر احمد شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ 74سالہ کشمیری رہنما اپنی زندگی کا 40سال سے زائد عرصہ مختلف جیلوں میں قید و بند کی صعوبتوں میں گزار چکے ہیں اور انہیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے پر قید زندان میں ڈالاگیا ہے ۔ڈاکٹر غلام رسول نے کہاکہ قید و بند کی صعوبتوں سمیت دیگر بھارتی انتقامی کارروائیاں شبیر شاہ کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں مسلسل ناکام رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ اور دیگر کشمیری سیاسی رہنمائوں کی طویل نظربندی بنیادی آزادیوں، قانونی تقاضوں، انسانی وقار اور سیاسی قیدیوں کے حقوق کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور متعلقہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت کا نوٹس لیں اور ان کی جلد رہائی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
ڈی ایف پی کے جنرل سیکریٹری نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دورہ آزاد جموں و کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام خصوصا بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا کشمیری عوام اورحریت قیادت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان، بالخصوص وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور موثر بین الاقوامی رابطوں کو مزید فعال اور تیز کریں۔ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا محض سفارتی ضرورت نہیں بلکہ ایک فوری انسانی، سیاسی اور اخلاقی تقاضا بن چکا ہے۔
