جموں ( سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز) :غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں جموں کی خصوصی این آئی اے عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ اور دو دیگر حریت رہنمائوں پر 30سال پرانے جھوٹے مقدمے میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این آئی اے عدالت کے جج پریم ساگر نے شبیر احمد شاہ، جاوید احمد میر اور شکیل احمد بخشی کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے” کے تحت فردِ جرم عائد کی۔
یہ مقدمہ 17جولائی 1996 کو سرینگر کے ناز کراسنگ پر پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے، جب شہید ہلال احمد بیگ کے جنازے کے دوران شدید پتھرائو کیاگیا تھا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیاگیا تھا۔ شیر گڑھ پولیس اسٹیشن سرینگر میں اس سلسلے میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ تقریبا 30سال بعد 3اپریل 2026کو اس مقدمے کی تحقیقات این آئی اے کے حوالے کی گئی تھیں ۔
شبیر احمد شاہ کے وکلا ایڈووکیٹ تنویر احمد خان اور ایڈووکیٹ یاسین زرگر نے فردِ جرمکی مخالفت کی۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ استغاثہ کی طرف سے پیش کئے گئے شواہد ناکافی ہیں۔عدالت نے قرار دیا کہ فردِ جرم کے مرحلے پر ملزمان کے جرم یا بے گناہی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جاتا۔شبیر احمد شاہ کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش کیاگیا جبکہ جاوید احمد میر اور شکیل احمد بخشی عدالت میں موجود تھے۔تینوں رہنمائوں نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔
