سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں حریت رہنمائوں سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری کبھی بھی اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری قبضے کو قبول نہیں کریں گے اور بھارتی فوجی جارحیت کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
حریت رہنمائوں نے ملاقات میں کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت تنازعہ کشمیر کا حل موخر کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ آبادی کے تناسب کو بگاڑ کر مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرسکے ، لیکن کشمیری عوام اپنے غیر متزلزل عزم کے ذریعے بھارتی حکومتی کی مذموم سازشوں اور نفرت انگیز منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔ملاقات میں کہا گیا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی دلانے کے لیے سب کا کردار انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر 1947کا دن جموں و کشمیر کی تاریخ کا سب سے سیاہ ترین دن تھا جب بھارتی فوج نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف علاقے پر قبضہ کر لیاتھا۔انہوں نے اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پرزوردیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوانے اور تنازعہ کشمیرکے حل میں مدد دیں۔
