سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے شہید مجاہد کمانڈر عبدالخالق گنائی عرف جمال افغانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذراِئع کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک عظیم محب وطن اور آزادی پسند رہنما تھے جنہیں بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ سے گرفتار کرنے کے بعد 15دسمبر 1993ء کو دوران حراست شہید کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالخالق گنائی 1970ء سے 1993ء تک ایک سرگرم مجاہد آزادی تھے۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ شہید کمانڈر نے کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں کی حراست میں کشمیر کے مقدس مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا کہ بھارتی تسلط سے آزادی ہر کشمیری کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بھارت کی ہندوتوا حکومت کے جبر اور آزادی صحافت، مسلسل گرفتاریوں اور گھروں کو بلڈوز کرنے اور پورے علاقے میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔ فاروق رحمانی نے 5 اگست 2019ء کے بعد مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو 1947ء کے بعد بھارتی تسلط کا سیاہ ترین دور قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے۔
فاروق رحمانی کا شہید کمانڈر عبدالخالق گنائی کو شاندار خراج عقیدت
