Input your search keywords and press Enter.

لاہور، کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام کشمیری عوام کا یومِ حقِ خودارادیت منایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دن منانے کا مقصد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق، حق خودارادیت کی یاد دہانی کرانا ہے، جس کے تحت انہیں اپنے سیاسی مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ تقریب سے سابق رکن قانون ساز اسمبلی مولانا شفیع جوش، ایڈووکیٹ منظورحسین گیلانی، کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئر مشتاق محمود، مرزا صادق جرال، فاروق آزاد، چوہدری محمد صدیق، آفتاب نازکی، معروف عالم دین علامہ مشتاق قادری اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام 7دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے 5جنوری 1949ء کو منظور کی گئی قرارداد میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا تھا۔ بھارت نے اس قرارداد کو تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جلد ہی رائے شماری کرانے کا وعدہ کیا تھا، تاہم کشمیری آج بھی اپنے پیدائشی حق سے مسلسل محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا حق دلائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، تاہم عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دلائے۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے جس نے بھرپور انداز میں آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو دھول چٹائی۔ پاک فوج کے سپہ سالا فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی جرآت مندانہ قیادت میں پاکستان نے شاندار کامیابی حاصل کی اور دنیا پر اپنی فوجی قوت اور برتری کی دھاک بٹھا دی۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی اور کشمیری عوام کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *