سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنماوں نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے 149ویں یومِ ولادت پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حریت رہنماوں نے سرینگر سے جاری اپنے پیغامات میں کہا کہ علامہ محمد اقبال نے ڈوگرہ راج کے خلاف جدوجہد میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دیا اور اپنی ولولہ انگیز شاعری کے ذریعے ان میں بیداری پیدا کی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھی اس وطن کا حصہ تھا جس کا تصور علامہ اقبال نے مسلمانوں کے لیے پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی تحریکِ آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
حریت رہنماوں نے کہا کہ علامہ اقبال نہ صرف ایک عظیم شاعر اور فلسفی تھے بلکہ ایک دوراندیش رہنما بھی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں خود شناسی، عزتِ نفس اور فکری بیداری کا شعور پیدا کیا۔
