سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) : بھارت نے 9 نومبر 1947ءکو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاست جوناگڑھ میں اپنی فوجیں اتار کر مسلمان حکمران والی ریاست پر زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ یہ دن جوناگڑھ کے لیے یومِ سیاہ ہے۔
س المناک دن کے حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست جوناگڑھ پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا اور 79 سال گزرنے کے باوجود اس کا قبضہ بدستور برقرار ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 1947ءمیں جوناگڑھ پر بھارتی قبضہ جارحیت کا ایک اقدام تھا جس کے ذریعے ریاست کے پاکستان کے ساتھ قانونی الحاق کی خلاف ورزی کی گئی۔ جوناگڑھ کے عوام کا اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق آج تک پورا نہیں ہو سکا ہے۔
رپورٹ میں کہاگیا کہ پاکستان کے پاس ریاست جوناگڑھ پر جائز دعویٰ موجود ہے کیونکہ اس کے ساتھ الحاق کی ایک مستند دستاویز موجود ہے۔ جوناگڑھ کے اس وقت کے حکمران نواب مہابت خان نے 15 ستمبر 1947ءکو نظریہ پاکستان کے مطابق ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی دستاویز پر دستخط کیے تھے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا خواب تھا کہ جوناگڑھ پاکستان کا حصہ بنے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جوناگڑھ کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف وہاں کے عوام کو حاصل ہے۔
رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت جموں و کشمیر اور جوناگڑھ دونوں پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، جبکہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کے ان کے جائز مطالبے کی حمایت میں اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر اور جوناگڑھ دو بین الاقوامی تنازعات ہیں جن کا حل ضروری ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو دونوں خطوں کو بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق جوناگڑھ کے عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، جبکہ بھارت 1947ءکی تقسیم کے بنیادی اصولوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کشمیر اور جوناگڑھ پر اپنا قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان کشمیر اور جوناگڑھ کے تنازعات کا ان کے عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو کشمیر اور جوناگڑھ کی متنازعہ حیثیت کا نوٹس لیتے ہوئے ان خطوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور حصول میں مدد کرنی چاہیے۔
