سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) :کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یومِ پیدائش پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے فکر و فلسفے اور انقلابی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں فکری بیداری، خودی کا شعور اور ملی تشخص پیدا کیا۔
ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے ایک بیان میں کہاکہ علامہ اقبال کے افکار نے تحریکِ پاکستان کو فکری بنیاد فراہم کی اور محکوم اقوام کو آزادی، خودداری اور جدوجہد کا پیغام دیا۔
غلام محمد صفی نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی، تصورِ آزادی اور پیغامِ حریت آج بھی کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خود شناسی، بلند حوصلے، اتحاد اور باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا۔ ان کا پیغام آج بھی غلامی کے خلاف جدوجہد کرنے والی قوموں کے لیے امید اور حوصلے کا سرچشمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایک خوددار، آزاد، باوقار اور باعمل مسلمان کا جو تصور پیش کیا تھا، کشمیری عوام اسی فکر اور نظریے کے امین ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، فوجی محاصرے، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم تمام تر مظالم کے باوجود ان کا جذبہ حریت اور حقِ خودارادیت کے حصول کا عزم متزلزل نہیں ہو سکا۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیاں اور اپنے بنیادی حقِ خودارادیت پر غیر متزلزل یقین درحقیقت علامہ اقبال کے پیغامِ خودی، خودداری اور استقامت کی عملی ترجمانی ہے۔ اقبال کا خواب ایک ایسے معاشرے کا قیام تھا جہاں انسان آزادی، عدل، مساوات اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکے۔انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے موثر کردار ادا کریں، تاکہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق مل سکے۔
غلام محمد صفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو علامہ اقبال کے افکار، خودی، اتحاد اور عمل کے پیغام پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور کشمیری عوام کو آزادی، امن، عزت اور خودمختاری کی منزل نصیب فرمائے۔
