سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کی بنیادی وجہ ہے اور اسے فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قبضہ غلط اورباطل کی نمائندگی کرتا ہے جو بالآخر انصاف سے ہار جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ باطل بالآخرمٹ جاتا ہے اور طاقت اور تشدد کے باوجود وہ کبھی غالب نہیں آسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ مشکلات اور مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ صبر اور استقامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری تاریخ کے بدترین دورسے گزررہے ہیں لیکن یہ تاریک دور ہمیشہ نہیں رہے گا اور ہم اس سے نکلیں گے۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ ہم انسانیت کی فلاح چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے لوگ امن اور وقار کے ساتھ خوشحال ہوں لیکن اس کے لیے پاکستان اور بھارت کی قیادت کو عزم کے ساتھ آگے آنا ہوگا اور دیرینہ تنازعے کے حل کے لیے کشمیری قیادت کو مذاکرات میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمدخان، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم اور دیگر رہنماﺅںسمیت ہزاروں کشمیری بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں سالہاسال سے غیر قانونی طورپرنظربندہیں جنہیں بی جے پی حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ترجمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ آگے آئے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور علاقے کے مظلوم عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں مدد کرے۔
