سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے پُرامن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کوشش یہی ہے کہ آزاد کشمیر کے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ امن کو موقع دیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فریم ورک میں ہی رہ کر ہی بات چیت ہوگی۔ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، زخموں پر مرہم رکھا جائے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں، لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افہام تفہیم سے مسئلہ حل کرے، اس میں بیرونی فیکٹر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اس لئے حساس معاملہ ہے، اس کے اچھے اندار میں حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن بلوچستان اور آزاد کشمیر میں اپنی پراکسیز کے ذریعے امن و امان خراب کرنے میں مصروف ہے، ایسے میں حکومت کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔
