سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ وزیرِ خزانہ چوہدری قاسم مجید نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم 286 ارب روپے ہے، ترقیاتی اخرجات کا تخمینہ 36 ارب روپے جبکہ غیر ترقیاتی اخرجات کے لیے 250 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ چوہدری قاسم مجید کا کہنا تھا کہ ٹیکس سے آمدن کا تخمینہ 75 ارب 20 کروڑ رکھا گیا ہے۔ بجٹ تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں 671 نئی سڑکیں، 376 میٹر طویل آر سی سی پل، 97 میٹر طویل بیلی برج تعمیر کیے جائیں گے جبکہ 394 کلو میٹر سڑکوں کی مرمت کی جائے گی اور ہر انتخابی حلقے میں 10 کلومیٹر رابطہ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے دوران 118 کلومیٹر طویل بجلی کی لائنیں بچھائی جائیں گی، ہنر مندوں کو بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے سے متاثرہ نامکمل اسکولوں کی تعمیرات کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات روکنے کے لیے فائر بریک لائن قائم کی جائیں گی، آتش گیر مواد کی صفائی، آگ بجھانے کے آلات اور لباس بھی فراہم کیے جائیں گے، اسپتالوں کی توسیع اور تعمیر کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال میں میرپور میں ڈارئی پورٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مالی سال 2026-27ء کا بجٹ منظور کر لیا
