Input your search keywords and press Enter.

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز ـ (سرینگر) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بالخصوص کشمیری سیاسی قیدیوں اور حریت رہنمائوں کو بھارت کی مختلف جیلوں میں درپیش غیر انسانی حالات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سیاسی جبر، غیر قانونی گرفتاریاں اور کشمیریوں کی بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربندی بین الاقوامی انسانی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ شدید گرم موسم میں کشمیری قیدیوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث متعدد سیاسی قیدیوں کی صحت مسلسل بگڑ رہی ہے۔ارشد اقبال نے کہا کہ کشمیری سیاسی قیدی اپنے اہل خانہ سے سینکڑوں میل دور قید ہیں، جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کے لیے ان سے ملاقات کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف کشمیری قیدیوں بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی شدید اذیت کا باعث ہے۔ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ بھارت ظلم و تشدد،طاقت اور قید و بند کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی آواز کو خاموش نہیں کر سکتا۔ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کا حل صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ رائے کے مطابق ہی ممکن ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ،اسلامی تعاون تنظیم ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور دیگر متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت کا فوری نوٹس لیں، انہیں مناسب طبی سہولیات، انسانی حقوق کے مطابق تحفظ فراہم کرائیں، ان کے اہل خانہ سے ملاقاتوں کو یقینی بنائیں اور انکی رہائی کے لیے موثر کردار ادا کریں۔ ارشد اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، سیاسی آزادی، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پرامن سیاسی اور سفارتی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی، اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *