Input your search keywords and press Enter.

بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں وحشیانہ جبر کے ذریعے سیاسی اختلاف کو کچل رہا ہے:حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کشمیر ی عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق تسلیم کرے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز اور این آئی اے اورایس آئی اے جیسے تحقیقاتی ادارے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کی آڑ میں پورے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی جبرکے ذریعے سیاسی اختلاف کو کچل رہا ہے اور مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام تقریبا آٹھ دہائیوں سے بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور اگست 2019 میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بی جے پی حکومت نے جابرانہ ہتھکنڈوں میں مزید شدت لائی ہے۔

حریت ترجمان نے کہا کہ کئی عشروں پر محیط جبر و تشدد نے بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کے مزاحمت کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی پالیسی کا محور فوجی حل ہے، حالانکہ جموں و کشمیر بنیادی طور پر ایک سیاسی مسئلہ ہے۔ اس کا پرامن حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

حریت ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے اقدامات کا محاسبہ کرے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالتِ زار پر بھی شدید تشویش کااظہارکیا جن میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، بلال صدیقی، مولوی بشیر احمد عرفانی، مشتاق الاسلام، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، ڈاکٹر حمید فیاض، سلیم نناجی، محمد یاسین بٹ، غلام محمد خان سوپوری، فاروق احمد توحیدی، فیاض حسین جعفری، ظفر اکبر بٹ اور دیگر رہنما اورکارکن شامل ہیں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *