Input your search keywords and press Enter.

سرینگر: ”ڈی ایف پی“ کا بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر اظہار تشویش

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے نوجوانوں کی مسلسل گرفتاری، خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور دیگر بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔

ذرائع کے مطابق (ڈی ایف پی) کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی رہنماوں اور نوجوانوں کو بھارتی جیلوں میں مسلسل اذیتوں، ہراسانی اور غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات کشمیری عوام کی جائز سیاسی امنگوں کو دبانے اور ان کے حقِ خودارادیت کی آواز کو خاموش کرنے کی منظم کوششوں کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی ،حمید فیاض، ، نعیم احمد خان، مشتاق الاسلام،ظفر اکبر بٹ اور میاں محمد عبدالقیوم سمیت دیگر رہنما اور ہزاروں کشمیری نوجوان بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نظر بندوں میں سے متعدد رہنما 70 سے 80 سال کی عمر کے درمیان ہیں اور صحت کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں مناسب طبی سہولیات اور بنیادی ضرورت سے محروم رکھا جا رہا ہے جو انتہائی قابل افسوس ہے ۔ ارشد اقبال نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا، نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریاں اور سیاسی قیادت کو مسلسل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانونی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاجواز گرفتاریوں، تشدد، ہراسانی اور زیرِ حراست افراد کے ساتھ غیر انسانی سلوک فوری بند کر کے انہیں رہا کرے ۔

ڈی ایف پی کے ترجمان نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتِ حال کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالیں۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *