سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (اسلام آباد) :کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کی مسلسل گرفتاری ، کشمیریوں کی جائیدادوں کی ضبطی اور جبر و استبداد کے دیگر بڑھتے ہوئے بھارتی ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے۔
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیری عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے ان کی حق پر مبنی آواز دبانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریاں، دور دراز بھارتی جیلوں میں منتقلی، گھروں پر چھاپے اور املاک کی ضبطی درحقیقت کشمیری عوام کو اجتماعی سزا دینے کی پالیسی کا حصہ ہے۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ یہ سب بھارت کے مسلط کردہ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں قائم علاقے کی انتظامیہ کر رہی ہے ، بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بے دریغ استعمال، سیاسی و شہری آزادیوں پر قدغن اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی خطے میں خوف ودہشت ا ور عدم تحفظ کا سبب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت یہ حقیقت فراموش نہ کرے کہ آزادی کی تحریکوں کو جبر واستبداد کے ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود اردیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔
حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کی مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی جبرو استبداد کی مذمت
