سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںحریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں کو ڈرانے دھمکا نے اور تحریک آزادی سے دور رکھنے کیلئے انہیں بلا جواز طور پر حراست میں لے رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حریت رہنماوں نے کہا آزادی پسند رہنماﺅں،کارکنوں اور عام کشمیریوں کو ان کے سیاسی نظریات کی پاداش میں ظالمانہ قوانین کے تحت مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے متلاشی افراد کو نت نئے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے اور” پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے“ جیسے کالے قوانین کے تحت جیلوں اور عقوبت خانوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔
حریت رہنماوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حراست کو طول دینے کے لیے ان پر بار بار ظالمانہ قوانین کا نفاذ سیاسی انتقام کی بدترین شکل ہے ،ہزاروں کشمیری کالے قوانین کے تحت بھارتی جیلوں میں قید کاٹنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے،تاہم مودی حکومت کی انتقامی پالیسیاں کشمیریوں کو قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے سے نہیں روک سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قیدیوں کے حقوق سے متعلق جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی پر بھارت کا احتساب ہونا چاہیے اور عالمی برادری کو اس خطے میں ہونے والی غیر قانونی حراستوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
حریت رہنماوں کی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی حراستوں کی مذمت
