سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (سرینگر) :غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے یوم اقبال کے موقع پر مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فاروق عبداللہ نے کہا کہ علامہ اقبال عظیم فلسفی شاعر، مفکر اور دور اندیش شخصیت تھے۔ انہیں عوام کے مسائل اور مشکلات کا گہرا احساس تھا۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد شیخ محمد عبداللہ کے علامہ اقبال کے ساتھ دیرینہ تعلقات تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے سیاسی افکار میں مسلم معاشروں کی اصلاح اور ترقی کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ ان کا تصورِ خودی اور فکری وژن ان کے والد کی عوامی زندگی بدلنے کی کوششوں کے لیے مشعل راہ تھا۔انہوں نے جاگیرداری نظام کے خاتمے اور بلاامتیاز حق رائے دہی جیسی اصلاحات کا ذکر کیا۔ ان میں مفت تعلیم، خواتین کی آزادی اور بالغ رائے دہی کا حق بھی شامل ہیں۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔ یہ افکار سماجی انصاف، مساوات اور ترقی کے حصول کی ترغیب دیتے ہیں۔
