اسلام آباد (سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز) : عمائدین پونچھ کی مشاورتی کانفرنس نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ضلع پونچھ راولاکوٹ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لئے مکالمہ اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیاجائے،عوامی حقوق کی تحریک اب ریاست مخالف اور پرتشدد ہو چکی ہے اورعام آدمی کے لئے زندگی اجیرن ہوچکی ہے،اس صورتحال میں آئین و قانون کی عملداری ہی عوام کی جان و مال کی محافظ ہے،اس کے لیے عملاً اقدامات کئے جائیں۔
پیر کو جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام پونچھ کی صورتحال پر عمائدین پونچھ کی مشاورتی کانفرنس منعقد کی گئی۔اس میں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن سردار حسن ابراہیم،سابق وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان،سابق صدر ازادکشمیر سردار مسعود خان،سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان،سردار خالد محمود اوردیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2025ء میں حکومت پاکستان اور کالعدم تنظیم کے مابین ہونے والے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بالخصوص حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر فوری عملی اقدامات اٹھائیں۔
جانی نقصان سے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضہ جات کا اعلان کیا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوامی حقوق کی تحریک اب ریاست مخالف اور پرتشدد ہو چکی ہے اورعام آدمی کے لئے زندگی اجیرن ہوچکی ہے، اس صورتحال میں آئین و قانون کی عملداری ہی عوام کی جان و مال کی محافظ ہے، اس کے لیے عملاً اقدامات کیے جائیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئین کی حدود میں رہتے ہوئے تمام متنازعہ معاملات کا حل ممکن بنایا جائے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کانفرنس متفقہ طور پر موجودہ جملہ سیاسی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات کے فی الفور انعقاد کا مطالبہ کرتی ہے اورجملہ قیادت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پانچ یوم کے اندر ایک جامع بنیادی اور مربوط مذاکراتی عمل کا فریم ورک آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر تشکیل دے کر مذاکرات کا آغازکرے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ محصور غریب عوام انتہائی مشکلات سے گزر رہے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ ضلع پونچھ اورسدھنوتی کے داخلی راستوں کو کھولا جائے اور چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں اور موبائل نیٹ ورک کی بندش سے بے پناہ عوامی نقصان ہوچکا ہے، اس حوالے سے امن و امان کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس متفقہ طور پر راولاکوٹ میں موجود مسلح افراد و عناصر کو یکسر مسترد کرتا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس متفقہ طور پر ریاست جموں کشمیر کے ریاست پاکستان کے ساتھ تاریخی، تہذیبی اور مذہبی تعلق کو سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں 19 جولائی 1947 کی قراردادِ الحاق پاکستان اور 24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومت کے اعلامیے کی روشنی میں تحریک آزادی کشمیر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے باوقار جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کرتا ہے۔
